ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / سوشیل میڈیاپر مخالفانہ مہم سے مجھے کوئی پریشانی نہیں: یوٹی قادر

سوشیل میڈیاپر مخالفانہ مہم سے مجھے کوئی پریشانی نہیں: یوٹی قادر

Wed, 15 Mar 2017 10:56:44    S.O. News Service

منگلوو 14؍مارچ (ایس او نیوز)کیرالہ کے وزیراعلیٰ کی منگلورو آمد کے موقع پرسنگھ پریوار کی طرف سے ہڑتال منانے والوں کا موازنہ پینارائے وجیانن کی چپلوں سے کرنے کے بعد وزیر غذا و سول سپلائی یوٹی قادر کے خلاف ہندتووادیوں نے سوشیل میڈیا پر مخالفانہ مہم چھیڑ رکھی ہے۔

پچھلے کچھ دنوں سے سوشیل میڈیا پر ایک پیغام پھیلاجارہا ہے جس میں عام ہندوؤں سے اپیل کی جارہی ہے کہ وہ لوگ وزیر موصوف کوآئندہ ہندوؤں کے کسی بھی جلسے میں مدعو نہ کریں۔ مسیج میں دھمکی بھی دی گئی ہے کہ اگر یوٹی قادر کسی مندر کے پروگرام میں شریک ہونگے تو انہیں زبردستی روکا جائے گا۔خیال رہے کہ یوٹی قادر اکثر و بیشتر ہندؤں کے مذہبی جلسوں اور مندروں کے تہواروں میں شریک ہوا کرتے ہیں۔ اب ہندتووادیوں کی طرف سے ان کی راہ میں رکاوٹیں پیدا کرنے کی کوشش ہورہی ہے۔

سوشیل میڈیا کی اس مہم کے تعلق سے جب وزیر غذا سے پوچھا گیا تو انہوں نے کہ اس طرح کی مخالفانہ مہم سے مجھے کوئی پریشانی نہیں ہے۔ یہ باہر کے لوگ ہیں جو میرے خلاف ماحول بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔ ورنہ میرے اپنے حلقے کے ہندو اور مسلمان مجھے یکساں طور پر پسند کرتے ہیں۔ وہ میرے کام سے واقف ہیں ۔ میں نے اپنے حلقے میں بغیر کسی تفریق کے تمام مذہبی امور کے لئے فنڈ فراہم کیا ہے۔ میں نے مذہبی جانبداری والا کوئی کام نہیں کیا ہے۔لوگ مجھے اپنے خاندان کا ایک حصہ تصور کرتے ہیں۔ اصل میں کچھ لوگوں کو میری مقبولیت ہضم نہیں ہورہی ہے اس لئے یہ لوگ میرے خلاف سازش کررہے ہیں۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ ایسی مخالفانہ مہم کے سلسلے میں کیا وہ پولیس میں شکایت درج کرنے یا کوئی قانونی کارروائی کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، تو انہوں نے بڑے اطمینان سے جواب دیا کہ وہ اس طر ح کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے۔کیونکہ ان کے علاقے کے تمام ہندوان کے ساتھ ہیں اور انہیں ان پر پورا اعتماد ہے کہ ان کے علاقے میں مذہبی بنیاد پر ان کی مخالفت کوئی بھی نہیں کرے گا۔


Share: